حکومت سب کے لیے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی یوم خواندگی پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سب کے لیے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے،خواندگی انفرادی اور قومی معیار زندگی کے تعین اور ہر شعبہ میں ترقی و خوشحالی کی جانب سمت متعین کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔پ

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سب کے لیے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے،خواندگی انفرادی اور قومی معیار زندگی کے تعین اور ہر شعبہ میں ترقی و خوشحالی کی جانب سمت متعین کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے عالمی یوم خواندگی پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ خواندگی کے عالمی دن پر پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر جذبہِ علم و تدریس اور علم سیکھنے کی طلب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، خواندگی انفرادی اور قومی معیار زندگی کے تعین اور ہر شعبہ میں ترقی و خوشحالی کی جانب سمت متعین کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال خواندگی کا عالمی دن ’’افراد، کرہ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ کے زیرعنوان منایا جا رہا ہے۔

خواندگی افراد کو بااختیار، باشعور بناتی ہے تاکہ معاشرتی پائیدار ترقی کی منزل حاصل کی جا سکے،خواندگی کے فروغ اور تعلیم و تدریس میں باہمی تعاون بلاشبہ ہماری انفرادی ، قومی اور عالمی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ نوع انسان کے مشترکہ مفادات اور پر امن بقائے باہمی جیسی مثبت اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر حکومت سب کے لیے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے جس میں ڈیجیٹل خواندگی، ہنرمندی کے فروغ، تحقیق اور جدت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،وفاقی حکومت ملک میں خواندگی کی شرح بڑھانے اور حلقہ تعلیم میں شامل طلباء و طالبات کے لئے عصر حاضر سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اکائیوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی دھارے سے باہر بچوں کے سکول میں داخلے کے لئے وفاقی حکومت نے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں دانش سکولز جیسے اقدامات اس عزم کے عکاس ہیں کہ کسی بچے کے لیے معیاری تعلیم کے حصول کا انحصار اس کے سماجی و معاشی حالات پر نہیں ہونا چاہیئے،مستحق اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں بالخصوص یتیم بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرکے یہ ادارے صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، اعتماد پیدا کرنے اور بہتر مستقبل کی راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ ایسی کاوشیں معیاری تعلیم کو سماجی ترقی اور قومی شمولیت کا ذریعہ بنانے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی مواقع کی فراہمی کے علاوہ نوجوان افرادی قوت کی عالمی معیار کے مطابق اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور کارآمد ہنر مندی کے لیے قومی سطح پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو موثر اور فعال کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار، کاروبار اور معاشی مواقع کی وسعت کی جانب لے جایا جاسکے، تعلیم، ہنرمندی کے فروغ اور بدلتے ہوئے افرادی قوت کےتقاضوں کے مابین ربط کو مضبوط بنا کر ہم نوجوانوں کو معیشت اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال شراکت دار بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواندگی کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لیے خواتین کی تعلیم اور خودمختار بنانے پر خصوصی توجہ دینا بھی ناگزیر ہے۔ ملک کی جامع ترقی اس امر پر منحصر ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں،بہتر شرح خواندگی اور معیاری نظام تعلیم جیسے قومی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، طالب علم، اساتذہ، والدین،سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت دار، نجی شعبہ اور ذرائع ابلاغ سب کو باہمی تعاون اور متحد ہو کر موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم عزم کریں کہ ہم بحیثیت قوم اپنی نوجوان نسل کو علم کی روشنی سے منور کریں گے اور ترقی سے مزین خوشحال، باکمال مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔