قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا یومِ بحریہ پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ بحریہ پاک بحریہ کی …

اسلام آباد8 ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ بحریہ پاک بحریہ کی شاندار قربانیوں اور کامیابیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے، بالخصوص 1965ء کی جنگ میں اس کی مثالی کارکردگی قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن سوم ناتھ پاک بحریہ کی جرات، بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ ایک جدید اور ہمہ جہت بحری قوت کے طور پر ترقی کر چکی ہے، جو ملکی دفاع کے ساتھ ساتھ بحری راستوں کے تحفظ، علاقائی امن کے فروغ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاک بحریہ کی مستعدی اور بھرپور تیاری کو بھی سراہا، جس کے ذریعے ملک کے ساحلی اور بحری مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا گیا۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام اور تشکر کے ساتھ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ قوم کی خدمت میں اپنی شاندار روایات، بہادری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دفاع میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گی۔