واسا ایبٹ آباد نے کہا ہے کہ صفائی کو دین اسلام میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، اہلیان علاقہ شہر کو صاف رکھنے کےلئے واسا ایبٹ آباد کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
اہلیان علاقہ شہر کو صاف رکھنے کےلئے تعاون کریں، ترجمان واسا ایبٹ آباد

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 8 ستمبر (اے پی پی):واسا ایبٹ آباد نے کہا ہے کہ صفائی کو دین اسلام میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، اہلیان علاقہ شہر کو صاف رکھنے کےلئے واسا ایبٹ آباد کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
یہ بات ترجمان واسا ایبٹ آباد عمر سواتی نے عوامی شعور و آگاہی کے سلسلہ میں تاریخی الیاسی مسجد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہری کوڑا کرکٹ صرف ادارہ کی جانب سے مقرر کردہ مقامات پر ہی پھینکیں تاکہ شہر کی صفائی کا نظام موثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے پانی کے تحفظ کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پانی کو ایک مقررہ مقدار کے ساتھ زمین پر اتارا ہے، اس لئے ہمیں اس عظیم نعمت کی قدر کرتے ہوئے اس کے استعمال میں احتیاط اور کفایت شعاری سے کام لینا چاہئے، پانی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے اس نعمت کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ واسا ایبٹ آباد شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کےلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ شہری سروسز میں کسی بھی کمی، خرابی یا مسئلہ کی صورت میں واسا کے کمپلینٹ سیل سے فوری رابطہ کریں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان واسا نے الیاسی مسجد کے خطیب، انتظامیہ اور اہلیان علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر صفائی اور پانی کے تحفظ کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شعور و آگاہی کے لئے آئندہ بھی مساجد اور دیگر عوامی مقامات پر آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی اور منبر و محراب سے صفائی، پانی کے تحفظ اور شہری ذمہ داریوں کے حوالہ سے موثر پیغام اجاگر کیا جائے گا۔








