آسٹریلیا میں گاڑی الٹنے سے 2 بچے ہلاک ، 5 زخمی

آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے مغرب میں گاڑی الٹنے کے حادثے میں دو بچے ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

کینبرا۔9ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے مغرب میں گاڑی الٹنے کے حادثے میں دو بچے ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

شنہوا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ میلبورن کے وسطی علاقے میں پیش آیا۔ آٹھ نشستوں والی گاڑی میں ایک خاتون اور سات بچے سوار تھے۔پولیس نے بتایا کہ 7 سالہ بچی حادثے کے مقام پر ہی دم توڑ گئی جبکہ 11 سالہ بچہ، جسے تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، رات گئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دیگر پانچ بچوں کو غیر جان لیوا نوعیت کے زخموں کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 34 سالہ خاتون ڈرائیور کو بھی طبی نگرانی کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔میجر کولیژن انویسٹی گیشن یونٹ کے ڈیٹیکٹو سارجنٹ ٹونی جینٹائل نے بتایا کہ حادثے سے قبل خاتون بچوں کو اسکول سے لے کر نکلی تھی۔پولیس نے حادثے کے عینی شاہدین اور گاڑی الٹنے کی ویڈیو رکھنے والے افراد سے تحقیقات میں مدد کے لیے پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔