پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کا فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ستمبر میں ہونے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم سے قبل فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے ستمبر میں ہونے والی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم سے قبل فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مہم 21 تاب ط 27 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے 115 مخصوص اضلاع میں پولیو ٹیمیں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق کی قیادت میں پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام ملک بھر میں پولیو ویکسین کی فراہمی پر مامور فرنٹ لائن ورکرز کے لیے معاونت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک بھر میں پولیو ورکرز کے ساتھ منعقد کیے گئے لسننگ سیشنز کے بعد کیا گیا جن میں ورکرز نے پروگرام کی قیادت سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے اپنے تجربات، فیلڈ میں درپیش مشکلات اور اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام پولیو ورکرز کو بہتر سہولیات اور معاونت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ ان میں پولیو ورکرز کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانا، ان کی عزت و وقار اور فلاح و بہبود کا تحفظ اورملک سے پولیو کے خاتمے میں ان کے اہم کردار اور خدمات کو سراہنا شامل ہے۔ ان اقدامات میں منتخب علاقوں میں قائم فرنٹ لائن ورکرز سپورٹ سینٹرز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا، فرنٹ لائن ورکرز کو شناختی کارڈز کا اجرا اور فیلڈ میں ان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے آپریشنل سیفٹی گائیڈ لائنز کی تیاری شامل ہے۔یہ اقدامات وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ فرنٹ لائن ورکرز کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت، عزت و وقار اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اقدامات پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے والی افرادی قوت کی بھرپور معاونت کے لیے وزیراعظم کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

ہمارے فرنٹ لائن ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وہ ہر روز ہر بچے تک پہنچنے اور ملک بھر کی کمیونٹیز کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر خدمات انجام دیتے ہیں اور اکثر مشکل حالات میں کام کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیوعائشہ رضا فاروق نے کہاکہ فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ ان کی محنت، لگن اور پولیو کے خاتمے کے لیے ان کی اہم خدمات کا اعتراف ہے،ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں کہ ہر فرنٹ لائن ورکر اپنی اہم ذمہ داری پوری کرتے ہوئے خود کو محفوظ محسوس کرے، اسے عزت دی جائے اور اسے ہر ممکن مدد اور تعاون حاصل ہو۔ فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی انتھک محنت اور خدمات کی بدولت پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں 99.8 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جو 1990 کی دہائی کے اوائل میں اندازاً 20ہزارکیسز سے کم ہو کر 2025 میں 31 کیسز اور 2026 میں اب تک صرف 3 کیسز تک رہ گئی ہے۔

یہ کامیابی اعداد و شمار اور شواہد کی بنیاد پر تشکیل دی گئی حکمتِ عملی، موثر ویکسی نیشن مہمات، توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کے ساتھ موثر اشتراک اور بیماری کی بہتر نگرانی کا نتیجہ ہے۔ اس پیش رفت میں ملک بھر کے ویکسینیٹرز اور پولیو مہمات میں کام کرنے والے عملے کی محنت، لگن اور مسلسل کوششوں کا بھی اہم کردار ہے۔ستمبر میں ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان پولیو پروگرام والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد سے اپیل کرتا ہے کہ وہ فرنٹ لائن ٹیموں کو اپنے گھروں میں خوش آمدید کہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے ضرور پلائے جائیں۔

پولیو پروگرام کمیونٹیز، مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ شراکت داروں سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ان کا احترام کریں، اور ایسا ماحول بنانے میں مدد دیں جہاں پولیو ٹیمیں محفوظ اور موثر طریقے سے ہر بچے تک رسائی حاصل کر سکیں، انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا سکیں اور انہیں پولیو سے محفوظ رکھ سکیں۔پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی حمایت، تحفظ اور ان کی خدمات کے اعتراف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ستمبر کی مہم سے قبل یومیہ معاوضے میں اضافہ ان کی خدمات اور کاوشوں کو تسلیم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ہر بچے تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے فرنٹ لائن ورکرز کو بہتر معاونت فراہم کرنے کے پروگرام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو (GPEI) کے شراکت داروں کے مسلسل تعاون اور پاکستان میں پولیو پروگرام اور فرنٹ لائن ورک فورس کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو بھی سراہتا اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ یہ تمام مشترکہ کوششیں پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی جانب پیش رفت کو برقرار رکھنے میں مدد دے رہی ہیں۔