سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں، 11 ہلاک

سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

راولپنڈی ۔9ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر 2026 کوبلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا،

6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بند کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو روکا اور مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، 7 ستمبر کو ایک اور کارروائی کے دوران ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بندی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تباہ کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔مزید برآں، سکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا جسے دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کی تیاری کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا،

علاقے میں موجود بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز اور مسلسل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

 

مزید خبریں