پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی میں ’’فریمز آف فریڈم‘‘ کے عنوان سے فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح کر دیا

پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’فریمز آف فریڈم‘‘ کے عنوان سے فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخی عمارات، قدرتی مناظر، روایات اور عوام کی روزمرہ زندگی کے مختلف رنگوں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں ’’فریمز آف فریڈم‘‘ کے عنوان سے فوٹوگرافی نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخی عمارات، قدرتی مناظر، روایات اور عوام کی روزمرہ زندگی کے مختلف رنگوں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔نمائش میں 50 سے زائد تصاویر نمائش کے لئے پیش کی گئی ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں کے قدرتی حسن، تاریخی و ثقافتی ورثے اور معاشرتی زندگی کی عکاسی کرتی ہیں۔ تصاویر کے ذریعے پاکستان کے لوگوں، ان کی روایات، تہذیبی رنگوں اور روزمرہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا کہ پاکستان کا ایک مثبت اور روشن تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے، ثقافتی تنوع اور تہذیبی روایات سے مالا مال ملک ہے اور ان خصوصیات کو مختلف ذرائع سے دنیا کے سامنے پیش کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے ثقافتی ورثے اور تہذیبی شناخت کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ فن، ادب، ثقافت اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے ملک کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کریں اور قومی شناخت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی کی ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعات صرف اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مراکز نہیں بلکہ نوجوانوں کی فکری، ثقافتی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافی ایک مؤثر ذریعہ اظہار ہے جس کے ذریعے کسی معاشرے، ثقافت اور تہذیب کے مختلف پہلوؤں کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔اس موقع پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کہا کہ فوٹوگرافی محض تصاویر بنانے کا عمل نہیں بلکہ تخلیقی اظہار، غور و فکر اور ثقافتی مکالمے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھی تصویر اپنے اندر تاریخ، ثقافت، جذبات اور معاشرتی زندگی کے مختلف پہلو سموئے ہوئے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو فن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ نوجوانوں کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے بھی بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کہا کہ ’’فریمز آف فریڈم‘‘ پاکستان کے حسن، ثقافتی ورثے اور تہذیبی تنوع کی بصری عکاسی ہے۔ نمائش میں شامل تصاویر پاکستان کے مختلف علاقوں کی شناخت، ان کے تاریخی پس منظر اور عوام کی زندگی کے متنوع رنگوں کو اجاگر کرتی ہیں۔نمائش میں پاکستان کی تاریخی عمارات، قدرتی مناظر، مختلف ثقافتوں، مقامی روایات اور روزمرہ زندگی کے مناظر کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا گیا ہے جس نے شرکاء اور شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔’’فریمز آف فریڈم‘‘ فوٹوگرافی نمائش 30 ستمبر تک کامسیٹس آرٹ گیلری اسلام آباد میں جاری رہے گی جہاں طلبہ، اساتذہ، فنون لطیفہ سے وابستہ افراد اور عام شہری نمائش میں پیش کی گئی تصاویر کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

 

مزید خبریں