انسداد پولیو کےلئے حفاظتی ٹیکہ جات کی سروسز مزید فعال بنانے پر زور

صوبائی کوآرڈینیٹر ای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر آفتاب حسین کاکڑ کی قیادت میں صوبائی ای پی آئی کور ٹیم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے ہفتہ وار اجلاس میں شرکت کی

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):صوبائی کوآرڈینیٹر ای پی آئی بلوچستان ڈاکٹر آفتاب حسین کاکڑ کی قیادت میں صوبائی ای پی آئی کور ٹیم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے ہفتہ وار اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام (پی ای آئی) اور معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) سروسز کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا، جبکہ آئندہ پولیو مہم کے دوران زیرو ڈوز بچوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور منظم ٹریکنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے بچوں کی نشاندہی اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے بعد انہیں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام سے منسلک کیا جائے تاکہ وہ بنیادی ویکسینیشن سے محروم نہ رہیں۔

اجلاس کے دوران چمن اور ژوب سے حالیہ مثبت ماحولیاتی نمونوں کی بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے ان ہائی رسک علاقوں میں پولیو وائرس کی نگرانی مزید موثر بنانے اور مربوط اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں مہم کے معیار، بیماری کی نگرانی، معمول کی ویکسینیشن اور کمزور و پسماندہ آبادیوں تک رسائی اور ان کے فالو اپ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔صوبائی ای پی آئی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے خطرے سے دوچار علاقوں میں حفاظتی ٹیکہ جات اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

 

مزید خبریں