ایلینا ریباکینا اور کوکوگف یو ایس اوپن ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں داخل

قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اورامریکی فورتھ سیڈڈ ٹینس سٹار کوکوگف اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

نیویارک۔10ستمبر (اے پی پی):قازقستان کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اورامریکی فورتھ سیڈڈ ٹینس سٹار کوکوگف اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ چین کی کوالیفائر کھلاڑی ژینگ کن وین اور روس کی میرا آندریوا کوارٹر فائنل رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

بی بی سی کے مطابق رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔آرتھر ایش سٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 27 سالہ قازقستان کی ایلینا ریباکینا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی کوالیفائر کھلاڑی ژینگ کن وین کو 6-3، 1-6 اور 4-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایلینا ریباکینا نے اس فتح کے بعد پہلی بار خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے اور وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والی قازقستان کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں امریکا کی 22 سالہ نامور ٹینس سٹار کوکو گف نے بھی ٹاپ 8رکاوٹ عبور کرلی ، انہوں نے ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میچ میں روس کی میرا آندریوا کو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 6-7(7-9)اور2-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔یہ کوکوگف کی مسلسل دوسرے گرینڈ سلام میں سیمی فائنل رسائی ہے، جبکہ یو ایس اوپن میں 2023 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد نیویارک میں یہ ان کا پہلا سیمی فائنل ہوگا۔