چیئرمین بورڈ آف گورنر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کہا ہے کہ پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کے قیام سے نہ صرف بچوں اور ان کے والدین کو بہتر ماحول میسر آئے گا بلکہ موجودہ پیڈیاٹرک ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی اضافی جگہ دستیاب ہو گی۔
پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کے قیام سے بچوں اور والدین کو بہتر ماحول میں اضافی جگہ دستیاب ہو گی، پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 10 ستمبر (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف گورنر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے کہا ہے کہ پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کے قیام سے نہ صرف بچوں اور ان کے والدین کو بہتر ماحول میسر آئے گا بلکہ موجودہ پیڈیاٹرک ایمرجنسی اور وارڈز میں بھی اضافی جگہ دستیاب ہو گی۔
وہ گذشتہ روز ڈنٹسٹری بلڈنگ، فیئر پرائس فارمیسیز، پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کے دورہ کے موقع پر عملہ سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈنٹسٹری بلڈنگ، فیئر پرائس فارمیسیز، پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کا دورہ کیا۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق اس سے قبل ڈنٹسٹری اورآئی بی پی پی کے مریضوں کو ادویات کے حصول کیلئے ہسپتال سے باہر جانا پڑتا تھا جس کے باعث مریضوں اور ان کے تیمارداروں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا تھا لیکن اب ہسپتال ہی میں مارکیٹ سے مناسب اور کم قیمت پر ادویات دستیاب ہوں گی جس سے ان کی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی، زیر تعمیر جدید ڈنٹسٹری آپریشن تھیٹرز اور نئے ڈنٹسٹری وارڈز کی تکمیل سے ڈاکٹرز، مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو نمایاں سہولیات میسر آئیں گی، ماضی میں ڈنٹسٹری کے مریضوں کے آپریشن اور داخلہ کیلئے ہسپتال کی مین بلڈنگ پر انحصار کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے محدود گنجائش کے باعث زیادہ مریضوں کو سہولیات فراہم کرنا مشکل تھا لیکن نئی ڈنٹسٹری سہولیات کی تکمیل کے بعد تشخیص، علاج، آپریشن، داخلے اور دیگر ضروری طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف گورنرز ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل نے ادارہ میں مریضوں، بچوں اور فیکلٹی و عملہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے ڈنٹسٹری بلڈنگ، فیئر پرائس فارمیسیز، جدید کمپیوٹر لیب، پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کیلئے نئی تزئین و آرائش شدہ عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورہ کے دوران بی او جی ممبر عثمان علی شیر، ادارہ کے ایکزیکٹوز اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین بی او جی کو مختلف منصوبوں اور سہولیات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ حکام نے جاری ترقیاتی کاموں نئی سہولیات مریضوں کیلئے دستیاب خدمات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ دورہ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے سے موجود پیڈیاٹرکس بلڈنگ میں جگہ کی کمی کے باعث بچوں کے علاج معالجہ اور دیگر سروسز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا تھا۔
اس مسئلہ کے حل کیلئے بورڈ آف گورنرز اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے بچوں میں خسرہ کے باعث تنہائی اور او پی ڈی کو ایک نئی اور مکمل طور پر تزئین و آرائش شدہ عمارت میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ نئی عمارت میں پیڈز او پی ڈی اور آئسولیشن وارڈز کے قیام سے نہ صرف بچوں اور ان کے والدین کو بہتر ماحول میسر آئے گا بلکہ موجودہ پیڈیاٹرک ایمرجنسی میں بھی اضافی جگہ دستیاب ہو گی، اس کے علاوہ پیڈیاٹرکس وارڈز میں مزید بیڈز کی گنجائش پیدا ہونے سے زیادہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا ممکن ہو سکے گا۔ چیئرمین بی او جی نے ڈنٹسٹری اور آئی بی پی پی میں قائم فیئر پرائس فارمیسیز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جہاں انہیں ادویات کی فراہمی اور نئی سہولت کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین بی او جی نے آئی بی پی پی بلڈنگ میں فارمیسی کو مرکزی داخلی راستہ اور فرنٹ ایریا میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ مریضوں کو فارمیسی تک رسائی میں مزید آسانی ہو اور انہیں ادویات کے حصول کیلئے غیر ضروری انتظار یا اضافی نقل و حرکت نہ کرنا پڑے۔
پروفیسر ڈاکٹر عابد جمیل اور ممبر بی او جی عثمان علی شیر نے جدید کمپیوٹر لیب، زیر تعمیر ڈنٹسٹری آپریشن تھیٹرز، وارڈز، پروسیجر رومز اور ایکسرے کی سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین بی او جی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ معیار اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور مریضوں کی سہولت کو ہر منصوبہ کا بنیادی محور بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر میں بہتری اور مریضوں کے لیے آٓسانیاں پیدا کرنے کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔








