ارجنٹائن کے عظیم فٹ بالر لیونل میسی نے ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن کے کلب ایلڈینس کے اکثریتی حصص خریدنے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
لیونل میسی نے دوسرے ہسپانوی کلب کے اکثریتی حصص خریدنے کے ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا
میڈرڈ۔10ستمبر (اے پی پی):ارجنٹائن کے عظیم فٹ بالر لیونل میسی نے ہسپانوی سیکنڈ ڈویژن کے کلب ایلڈینس کے اکثریتی حصص خریدنے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق اپریل میں کیٹالان کے کلب کارنیلا کو خریدنے کے بعد ایلڈینس دوسرا ہسپانوی کلب ہوگا جس میں 39 سالہ سابق بارسلونا فارورڈ لیونل میسی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ان دنوں امریکا کے کلب انٹر میامی کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی نے حال ہی میں 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کی سپین کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
ایلڈینس کی انتظامیہ نے ایک بیان میں تائید کی ہے کہ گروہو ٹی ایچ سولوشنز کے پاس موجود حصص کی لیونل میسی کو منتقلی کے لیے ابتدائی اتفاق ہو گیا ہے، تاہم حتمی قانونی کارروائی اور ہسپانوی نیشنل سپورٹس کونسل کی منظوری ابھی باقی ہے۔ الیکانتے سے تعلق رکھنے والا یہ کلب اس وقت لا لیگا 2 میں 20ویں نمبر پر ہے اور رواں سیزن کے چار میچوں میں صرف دو پوائنٹس حاصل کر سکا ہے، جس کے باعث حال ہی میں ان کے ہیڈ کوچ کلاڈیو باراگن بھی اپنے عہدے سے الگ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 13 سال کی عمر میں ارجنٹائن سے سپین منتقل ہونے والے لیونل میسی نے بارسلونا کے لیے 778 میچوں میں ریکارڈ 672 گولز سکور کیے۔ بعد میں پیرس سینٹ جرمین اور انٹر میامی سے منسلک ہونے کے باوجود وہ سپین میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ان کے سابق حریف کرسٹیانو رونالڈو نے بھی رواں سال فروری میں ہسپانوی کلب المیریا کے 25 فیصد حصص خریدے تھے۔









