ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کی زیر صدارت جمعرات کے روز تھانہ یارحسین پولیس کے ساتھ کرائم اجلاس کا انعقاد کیا گیا
ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کی زیر صدارت تھانہ یارحسین پولیس کے ساتھ کرائم اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کی زیر صدارت جمعرات کے روز تھانہ یارحسین پولیس کے ساتھ کرائم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان صوابی پولیس کے مطابق اجلاس کے دوران تھانہ یارحسین کی حدود میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری و مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او صوابی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے گشت، ناکہ بندی اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ اشتہاری و مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ علاقے میں بدقماش و بدمعاش عناصر، قبضہ گروپس، مافیا اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت اور بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے اور علاقے کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او صوابی نے مزید ہدایت کی کہ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔انہوں نے پولیس افسران و جوانوں پر زور دیا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، عوام کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور انہیں بروقت ریلیف فراہم کریں۔ڈی پی او صوابی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی بالادستی پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران و جوان اپنی ذمہ داریاں فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں.








