یونیورسٹی آف سرگودھا کی پرماننٹ ورک مین کے تحت سنڈیکیٹ کی منظوری، 134 سٹاف ممبران کو ترقی دے دی گئی

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پالیسی برائے پرماننٹ ورک مین کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا نے سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد 118 سٹاف ممبران کو پرماننٹ ورک مین کا سٹیٹس دے دیا جبکہ 16 سٹاف ممبران کو جونیئر کلرک سے سینئر کلرک اور سینئر کلرک سے اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

سرگودھا۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پالیسی برائے پرماننٹ ورک مین کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا نے سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد 118 سٹاف ممبران کو پرماننٹ ورک مین کا سٹیٹس دے دیا جبکہ 16 سٹاف ممبران کو جونیئر کلرک سے سینئر کلرک اور سینئر کلرک سے اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

اس سلسلے میں ملازمین کو باقاعدہ آرڈر دینے کی تقریب یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہوئی جسکے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے جبکہ چیئرمین سیکنڈری بورڈ سرگودھا عباس حیدر گوندل نے بطور مہمان اعزاز تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، یونیورسٹی ڈینز،ڈائریکٹرز،مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور اور جملہ ملازمین بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں گزرے ہوئے چار برس میری تعلیمی و انتظامی زندگی کے سب سے اہم دن تھے جس میں سرگودھا یونیورسٹی کےتمام ملازمین نے مجھے جو عزت و احترام دیا اسے میں کبھی بھی فراموش نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا کی سرزمین قدرتی ٹیلنٹ سے بھرپور ہے اور یہاں کے لوگ بہت پرامن، محنتی اور تہذیب یافتہ ہیں انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی آج ہر طرح کی سیاست سے پاک ہے گذشتہ چار برسوں میں یونیورسٹی کے لئے بطور سربراہ ادارہ اور میری ٹیم نے جس لگن اور محنت سے دن رات کام کیا اس سے پورے ملک کے تعلیمی حلقوں میں آج عزت و احترام سے دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کی ترقی اور اس کے تمام شعبوں کو اپ گریڈ کرنے کے لئے چار برسوں میں ہم نے 65 ارب روپے کے پراجیکٹس شروع کئے جس کے باعث آج یونیورسٹی پاکستان کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں آچکی ہے اور اگلے برس یہی یونیورسٹی اب ڈبلیو کیٹگری میں چلی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جواُساتذہ اورملازمین محنت اور لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں وہ ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور یونیورسٹی میں آج تک جتنی بھی ترقیاں دی گئیں وہ ملازمین کی محنت اور کاوشوں کا صلہ ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی رجسٹرار وقار احمد نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی بطور وائس چانسلرمدت ملازمت میں اُساتذہ اورملازمین کوریکارڈسطح پر سہولیات اور ان کا حق دیا گیا جس میں سنڈیکیٹ کی منظوری اور قانون و ضابطے پر مکمل عملدرآمد کرتےہوئےپانچ سوسےزیادہ اُساتذہ و ملازمین کو ریگولر کیا گیا، 735 ملازمین کو ٹائم سکیل اور 100 سے زائد ملازمین کو پرموشن دی گئی اسی طرح 118 ملازمین کوڈیلی ویجزپرکام کررہےتھے

اُنہیں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی پرماننٹ ورک مین پالیسی کے تحت پرمستقل ملازم کا درجہ دیاگیا اور یہ سب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرقیصرعباس کی ذاتی کاوشوں اور رجسٹرار آفس کی دن رات محنت کے باعث ممکن ہوا اور آج سرگودھا یونیورسٹی کے ملازمین اپنی ملازمت سے مکمل مطمئن ہیں اوراپنےفرائض خوش دلی سےسرانجام دےرہےہیں۔ تقریب سے ڈائریکٹر ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر گجر نے بھی خطاب کیا اور وائس چانسلر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو یونیورسٹی آف سرگودھا کے قیام 2002ء سےلےکرابتک ہونے والی کارکردگی اور حاصلات کے بارے میں کتابی صورت میں ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی جسے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بے حدسراہا اور ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل اور ڈین فیکلٹی آف سائنس و چیئرمین شعبہ باٹنی ڈاکٹر عامر علی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔