وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور جینڈر ایکویلٹی ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی کر رہی تھیں۔

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے گیٹس فاؤنڈیشن کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور جینڈر ایکویلٹی ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی کر رہی تھیں۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے حکومت کے فلیگ شپ ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ ایجنڈے کو اجاگر کیا اور شمولیت پر مبنی ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے، پبلک سروس ڈیلیوری کو جدید بنانے اور ایک مضبوط ڈیجیٹل معیشت کی تعمیر میں اس کے کردار کی وضاحت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل طور پر خودمختار پاکستان کے وژن کو حاصل کرنے کے لئے بین الاقوامی شراکت داریاں، بالخصوص گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون اہمیت کا حامل ہے ۔

وفد نے حالیہ برسوں میں پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں پیشرفت بالخصوص وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات کو سراہا۔ دونوں فریقین نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی)، ڈیجیٹل معیشت، ڈیٹا سسٹمز، ہیلتھ ٹیکنالوجی، مالیاتی شمولیت (فنانشل انکلوژن)، کیپیسٹی بلڈنگ، اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔