محی الدین احمد وانی کا ہاکی اولمپیئن خالد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ہاکی کے عظیم اولمپیئن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری خالد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے

لاہور۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ہاکی کے عظیم اولمپیئن اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری خالد محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے عظیم اولمپیئن،سابق سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ملک کیلئے گراں قدر خدمات انجام دینے والے خالد محمود کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور صدمے کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ اولمپین خالد محمود نے پاکستان ہاکی کی ترقی اور فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کئے رکھی۔

کھیل بالخصوص قومی ہاکی کے لیے ان کی خدمات، وابستگی اور کردار کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خالد محمود کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور پاکستان ہاکی سے وابستہ تمام حلقوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔