ڈپٹی کمشنرسرگودھا حسین احمد رضا چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد عاطف سندھو نے تحصیل بھلوال کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی ، میونسپل سروسز اور شہری سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسزکا تحصیل بھلوال کا دورہ

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسرگودھا حسین احمد رضا چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد عاطف سندھو نے تحصیل بھلوال کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی ، میونسپل سروسز اور شہری سہولیات کا موقع پر جائزہ لیا۔ اے ڈی سی ایم ایس نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھلوال، فیملی پارک، کینال روڈ پر مکینیکل واشنگ کے انتظامات، وارڈ نمبر 14 سلیمان پورہ اور چک 13 ، یونین کونسل 20 نبی شاہ بالا کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال، سڑکوں اور عوامی مقامات کی صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر میونسپل سروسز کا معائینہ کیا۔
اُنہوں نے چک نمبری 13 یونین کونسل 20 نبی شاہ بالا میں قائم ویسٹ انکلوژر کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے عمل، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور ویسٹ انکلوژر کو مقررہ ایس او پیز کے مطابق برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے یونین کونسل 19 چک نمبری 10 ایم ایل کا بھی دورہ کیا اور صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز نے متعلقہ افسران و عملہ کو ہدایت کی کہ شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، عوامی مقامات پر صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور صفائی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میونسپل سروسز کی فراہمی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








