مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتےہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و …

کوئٹہ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر صوبے کے امن کا دفاع کر رہے ہیں۔ شہید سپاہی عزت اللہ کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی کمزوری یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔

ریاستی اداروں کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں صوبے میں امن کی صورتحال ضرور بہتر ہوگی اور امن دشمن عناصر کی باقیات کو بھی ختم کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔ دہشت گرد چاہے جہاں بھی چھپے ہوں، انہیں تلاش کرکے انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید سپاہی عزت اللہ کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔