واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارتخانے کا عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر روایتی محفل میلاد کا اہتمام

واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارتخانے کا عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر روایتی محفل میلاد کا اہتمام

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارتخانے نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر روایتی محفل میلاد کا اہتمام کیا، تقریب کی میزبانی امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی اہلیہ لبنیٰ رضوان شیخ نے کی۔ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق واشنگٹن میٹروپولیٹن کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی خواتین نے محفل میں شرکت کی۔

تقریب میں تلاوت، نعت خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔لبنیٰ رضوان شیخ نے ربیع الاول کی عظمت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات رحمت، ہدایت اور عالمگیر اخوت کا لازوال سرچشمہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعظیم کا حقیقی مفہوم اور مقصد یہ ہے کہ آپ ﷺ کی اعلیٰ تعلیمات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ صبر، عدل، عاجزی اور رواداری کا بہترین نمونہ پیش کرتی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حضور اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی پیروی امن کے فروغ، معاشرتی ہم آہنگی کے قیام اور انسانیت کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔

مقررین نے بھی انہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا پیغامِ توحید اور رحمت و شفقت دنیا کے لیے روشنی کا مینار ثابت ہوا اور اس دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی کے لیے ایک عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔پُروقار تقریب میں معروف نعت خواں حضرات نے روح پرور نعتیں پیش کیں جبکہ اختتام پر پاکستان اور مسلم امہ کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔