قیصر احمد شیخ نے سی جی ٹی این اردو کے ڈائریکٹر پروگرامز و پی آر تصور زمان بابر کو پاکستان چین تعلقات کے فروغ پر شیلڈ پیش کی

قیصر احمد شیخ نے سی جی ٹی این اردو کے ڈائریکٹر پروگرامز و پی آر تصور زمان بابر کو پاکستان چین تعلقات کے فروغ پر شیلڈ پیش کی

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے خدمات انجام دینے پر سی جی ٹی این اردو، چائنا میڈیا گروپ (CMG) کے ڈائریکٹر پروگرامز و پی آر تصور زمان بابر کو شیلڈ پیش کی۔

سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے تصور زمان بابر کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون کو اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔

پاکستان چین تعاون کے مختلف شعبوں کو موثر انداز میں اجاگر کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر مثبت اور تعمیری مکالمے کے فروغ میں تصور زمان بابر کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر بھی قائم ہے، اور میڈیا ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

قیصر احمد شیخ نے تصور زمان بابر کے ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی وژن اور چائنا میڈیا گروپ سے وابستہ طویل پیشہ ورانہ سفر کو بھی سراہا اور ان کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تصور زمان بابر کو پیش کی جانے والی شیلڈ دراصل پاکستان چین دوستی، عوامی روابط اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔