ٹرپل سنچری پر بہت خوش ہوں، ایسے ریکارڈ بار بار نہیں بنتے، سلمان علی آغا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ٹرپل سنچری سکور کر کے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے

راولپنڈی۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ٹرپل سنچری سکور کر کے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے، ایسے ریکارڈ زندگی میں بار بار نہیں آتے، انہوں نے انفرادی سنگ میل کے بجائے بال ٹو بال کھیلنے پر توجہ مرکوز رکھی۔ وہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کر رہے تھے۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ سو یا دو سو رنز بنانے ہیں بلکہ صرف بال ٹو بال کھیلتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے دس میچز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں گئے، اس لیے ایڈجسٹ کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کی ہے جس سے انہیں مدد ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی موقع ملے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ ضرور کھیلنی چاہیے کیونکہ اس سے کھیل میں بہتری اور تسلسل پیدا ہوتا ہے۔ سلمان علی آغا نے اپنی ٹرپل سنچری اپنی فیملی کے نام کرنے کا بھی اعلان کیا۔