پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین و رکن اسمبلی اصغر علی ترین سے ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے وفد نے پیر کے روز ملاقات کی
چیئرمین پی اے سی و رکن اسمبلی اصغر علی ترین سے ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی):پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین و رکن اسمبلی اصغر علی ترین سے ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے وفد نے پیر کے روز ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد نوجوانوں کو پارلیمانی نظام، قانون سازی اور عوامی مالیاتی نگرانی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا اور نوجوان قیادت کے ساتھ تجربات کا تبادلہ تھا۔ اس موقع پر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے اغراض و مقاصد اور نوجوانوں کی سماجی و معاشی اور قیادت کی ترقی کے لیے اس کے کردار پر مختصر دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے ایک سینئر رکن نے وفد کی جانب سے استقبالیہ کلمات پیش کیے جس کے بعد چئیرمین پی اے سی اصغر علی ترین نے شرکا سے خطاب کیا اور پارلیمانی امور، جمہوری اقدار اور نوجوانوں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔اس موقع پر چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی اصغر علی ترین نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے کردار، فرائض، اختیارات، طریقہ کار اور مختلف اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی عوامی وسائل کے شفاف اور موثر استعمال کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لے کر متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرنا اور مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی اس کے اہم فرائض میں شامل ہے۔اصغر علی ترین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی نظام اور جمہوری اداروں کے کام کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اور باشعور نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔ملاقات کے اختتام پر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کی جانب سے اصغر علی ترین کو ان کی غیر معمولی کاوشوں اور مثبت کردار کے اعتراف کے طور پر "پازیٹو سائیڈ آف پاکستان ایوارڈ” دیا گیا ۔








