اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے اہم ہے،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے اہم ہے،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے اہم ہے۔ پیر کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے واضح کر دیا کہ سیاسی سرگرمی اور احتجاج کے نام پر ریاستی مشینری کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔احتجاج کے نام پر شہریوں کے معمولاتِ زندگی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پی ٹی آئی کی سیاست کا محور آج بھی احتجاج، دھرنے، مارچ اور سڑکوں کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے لیے مینڈیٹ نہیں دیا۔خیبر پختونخوا کے عوام نے حکومت کو تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی پر توجہ دینے کے لیے مینڈیٹ دیا۔صوبائی حکومت کی ذمہ داری عوامی مسائل کا حل اور امن و امان یقینی بنانا ہے۔
عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے اور خدمت کرنے کے لیے دیا ہے، احتجاج کرنے کے لیے نہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے حکمرانوں سے صوبے کی کارکردگی کا حساب مانگ رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ ہسپتال، اسکول، سڑکیں، روزگار اور امن و امان کے مسائل کب حل ہوں گے۔ پی ٹی آئی کو احتجاج اور مارچ کی سیاست سے نکل کر خیبر پختونخوا کے عوام کو جواب دینا ہوگا کیونکہ حکومت سڑکوں پر نہیں کارکردگی سے چلائی جاتی ہے۔








