پاکستان میں غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے ایک منصوبے کے تحت قومی اوپن سورس تعلیمی ڈیٹا پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد جامع اور ضرورت کے مطابق تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
پاکستان میں قومی اوپن سورس تعلیمی ڈیٹا پلیٹ فارم کی تیاری جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے ایک منصوبے کے تحت قومی اوپن سورس تعلیمی ڈیٹا پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد جامع اور ضرورت کے مطابق تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق اس پلیٹ فارم پر ایکشنز ٹو اسٹرینتھن پرفارمنس فار انکلوسیو اینڈ رسپانسیو ایجوکیشن پروگرام – ٹیکنیکل اسسٹنس (ASPIRE-TA) کے تحت کام کیا جا رہا ہے،منصوبے پر 55 فیصد جسمانی اور 42 فیصد مالی پیش رفت ہو چکی ہے۔دستاویز میں منصوبے کے تحت کئے جانے والے اہم کاموں میں صوبائی اور قومی سطح پر فعال اوپن سورس ڈیٹا پلیٹ فارم کا نفاذ شامل ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے حاصل ہونے والے فوائد میں قومی اوپن سورس ڈیٹا پلیٹ فارم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔دیگر اہم کاموں میں اساتذہ کے تربیتی پروگرام میں شرکت اور تدریسی طریقوں پر اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینا شامل ہے۔منصوبے میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے متعلق نصاب کی تیاری کے ساتھ خواندگی یا حساب دانی سے متعلق بین الاقوامی جائزوں کے انعقاد کے لئے انتظامی معاونت بھی شامل ہے۔علم اور تجربات کے تبادلے کی تقریبات اور استعداد کار بڑھانے کی سرگرمیاں بھی منصوبے کا حصہ ہیں جبکہ جائزوں، بنیادی خواندگی اور معیاری تعلیم سے متعلق قومی سطح کے تحقیقی مطالعات بھی کئے جائیں گے۔منصوبے کی تکمیل سے متوقع فوائد میں ڈیجیٹل تعلیم کے لئے تدریسی طریقوں میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے متعلق نصاب کی تیاری اور بنیادی خواندگی پر عملدرآمد شامل ہیں۔بین الاقوامی جائزے میں شرکت کے ذریعے منصوبے سے تقابلی تشخیص کی سہولت بھی میسر آنے کی توقع ہے۔دیگر متوقع فوائد میں صحت و غذائیت سے متعلق پالیسی کی تیاری اور نفاذ اور سکول سے باہر بچوں کے لئے چیلنج فنڈ کا قیام شامل ہے۔تعلیمی محرومی میں کمی اور سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی بھی منصوبے کے متوقع فوائد میں شامل ہے۔








