کوئٹہ ،پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے زیر اہتمام 100 خواتین کی دستکاری اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تربیت مکمل

پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے زیر اہتمام اور پی ٹی سی ایل کے تعاون سے بااختیار خواتین منصوبے کے تحت کوئٹہ کی 100 خواتین نے ہاتھ کی کڑھائی، دستکاری اور ویلیو ایڈڈ ہاتھ سے تیار مصنوعات کی تیاری کی تربیت مکمل کرلی۔

کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پاور ٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)کے زیر اہتمام اور پی ٹی سی ایل کے تعاون سے بااختیار خواتین منصوبے کے تحت کوئٹہ کی 100 خواتین نے ہاتھ کی کڑھائی، دستکاری اور ویلیو ایڈڈ ہاتھ سے تیار مصنوعات کی تیاری کی تربیت مکمل کرلی۔

پی پی اے ایف کے مطابق اس منصوبے پر عملدرآمد سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ بلوچستان (سی پی ڈی)کے تعاون سے کیا گیا جبکہ تربیت آئی آر ایم کی جانب سے فراہم کی گئی۔ تربیتی پروگرام کے دوران خواتین کو دستکاری اور گھریلو مصنوعات کی تیاری کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مارکیٹنگ بھی سکھائی گئی تاکہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی مصنوعات کی تشہیر اور آن لائن آمدن کے مواقع حاصل کرسکیں۔تربیتی پروگرام کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں خواتین میں سرٹیفکیٹس اور موبائل فونز تقسیم کیے گئے۔

موبائل فونز کی فراہمی کا مقصد خواتین کو اپنی مہارتوں کو مزید فروغ دینے، ممکنہ خریداروں اور مارکیٹوں سے رابطہ قائم کرنے اور پائیدار آمدن کے مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔پی پی اے ایف کے مطابق بااختیار خواتین منصوبے کے ذریعے خواتین کی فنی، کاروباری اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ ان کے روزگار اور معاشی مواقع میں اضافہ، معاشی خودمختاری کو فروغ دیا جاسکے۔اس اقدام میں بلوچستان حکومت، یوفون، یو مائیکروفنانس بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعاون بھی شامل ہے۔