وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدی صنعتوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات لیے جائیں، برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات …

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدی صنعتوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات لیے جائیں، برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں برآمدات کے فروغ کیلئے منظور شدہ سٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی،برآمدی شعبوں کی عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے،برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے اور روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کیا جائے، تجارت کو متنوع بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے،پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات لیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدی صنعتوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دیا جائے،ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے، برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لئے متعدد دوست ممالک سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں کے لیے اقدامات لیے جا رہے ہیں،پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات کو برآمدات میں شامل کرنے کے لیے اقدامات لیے جا رہے ہیں، پاکستانی سرجیکل اور میڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے کیلئے بین الاقوامی ہسپتالوں کے ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، عالمی کمپنیوں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسپو ، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو، فوڈ اینڈ ایگریکلچر اور دیگر شعبوں سے متعلق نمائشیں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جا رہی ہیں، برآمدات میں جدت کو فروغ دینے کے لیے انٹیلیکچؤل پراپرٹی قوانین کو دور حاضر کے تقاضوں ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ای ڈی ایف کی جانب سے کاروباری برادری کے لیے سہولت کے حوالے سے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں