صدر مملکت نے پمز کی نرس کو تمغہ شجاعت دینے سمیت اہم سمریز کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پمز کی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے سمیت اہم سمریز کی منظوری دے دی۔

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پمز کی نرس رضیہ نورین کو تمغہ شجاعت دینے سمیت اہم سمریز کی منظوری دے دی۔

بدھ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق منظور شدہ سمریز میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ)ترمیمی بل 2026، سٹینڈرڈ ٹائم (تشریحِ حوالہ جات)ترمیمی بل 2026، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی (اے ایف آئی یو )راولپنڈی کی ٹیبل آف آرگنائزیشن اینڈ ایکوپمنٹ میں نظرثانی اور ماحول دوست طریقے سے بحری جہازوں میں موجود مضر مواد کے انتظام سے متعلق بل 2026 کی منظوری شامل ہے۔صدرِ مملکت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( پمز) کی سٹاف نرس رضیہ نورین کو تمغۂ شجاعت دینے کی منظوری بھی دی جنہوں نے پمز میں آتشزدگی کے واقعے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر واحد زندہ بچنے والے بچے کو بحفاظت باہر نکالا۔