چیئرمین سینیٹ نے دو ملازمین کے لئے مفت حج کی قرعہ اندازی کا افتتاح کیا

چیئرمین سینیٹ نے دو ملازمین کے لئے مفت حج کی قرعہ اندازی کا افتتاح کیا

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ کے گریڈ بی پی ایس-1 سے بی پی ایس-7 تک کے دو ملازمین کے لئے فراہم کی جانے والی مفت حج سہولت کے سلسلے میں قرعہ اندازی کا افتتاح کیا۔ قرعہ اندازی سینیٹر سروس سینٹر، پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں سینیٹر سید مسرور احسن سینیٹر راحت جمالی سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر اور سینیٹ کے اعلیٰ حکام اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حج دینِ اسلام کا ایک اہم رکن اور عظیم عبادت ہے، ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ کے مقدس گھر کی زیارت اور فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت نصیب ہو۔ انہوں نے کہا کہ حج اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور اس عظیم عبادت کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کے لئے باعثِ فخر و مسرت ہے۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے دونوں خوش نصیب ملازمین اور ان کے اہلِخانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی جانب سے سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کے لئے مفت حج کی سہولت فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین، فلاحی اور احسن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان کے لئے دینی فریضہ ادا کرنے کے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے سینیٹ ایمپلائز ویلفئیر فنڈ کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا ۔

مزید خبریں