وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پرغیرمعیاری، ملاوٹی اورمضرِ صحت اشیائے خوردونوش میں ملوث کاروباروں کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاورمیں مختلف کارروائیوں کے دوران مردہ گائے کی سپلائی ناکام بنا دی جبکہ ملاوٹی چائے کی پتی تیارکرنے والے یونٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، مردہ گائے کی سپلائی ناکام، ملاوٹی چائے تیارکرنے والا یونٹ پکڑا گیا

مزید خبریں
پشاور۔ 16 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی ہدایات پرغیرمعیاری، ملاوٹی اورمضرِ صحت اشیائے خوردونوش میں ملوث کاروباروں کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاورمیں مختلف کارروائیوں کے دوران مردہ گائے کی سپلائی ناکام بنا دی جبکہ ملاوٹی چائے کی پتی تیارکرنے والے یونٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کارروائیوں کے بارے میں بتایا کہ خفیہ اطلاع پرفوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئےحیات آباد میں پولیس کے ہمراہ ایک رکشے کو روکا جس میں مردہ گائے حیات آباد سپرمارکیٹ میں واقع قصاب کی دکان کو سپلائی کی جا رہی تھی۔
کارروائی کے دوران رکشے سے مردہ گائے برآمد کرکے رکشہ اورمردہ جانورکو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ رکشہ ڈرائیورکو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق مذکورہ قصاب کی دکان کو سیل کر دیا گیا ہے اورفوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، قصاب کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پرچھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی ڈائریکٹرآپریشنزپشاورڈویژن ذیشان محسود کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دوسری کارروائی کرتے ہوئے پشاورمیں ملاوٹی چائے کی پتی تیارکرنے والے یونٹ پراچانک چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران یونٹ میں غیرمعیاری اورملاوٹی چائے کی پتی تیار کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔موقع سے تقریباً 900 کلوگرام ملاوٹی چائے کی پتی، خام مال اورمشینری قبضے میں لے لی گئی، جبکہ موجود ملزمان کو گرفتارکرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔







