مسابقتی کمیشن پاکستان اور نیب کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور استعداد کار بڑھانے کے لیے ضمنی معاہدہ

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے ادارہ جاتی تعاون اور استعداد کار بڑھانے کے لیے 14 مئی 2025ء کو طے پانے والی باہمی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو مزید موثر بنانے کے لیے ضمنی معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ترجمان نیب کے مطابق ضمنی معاہدے پر سیکرٹری سی سی پی مریم پرویز اور ڈائریکٹر جنرل (ایس آئی ڈی) نیب محمد طاہر نے …

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے ادارہ جاتی تعاون اور استعداد کار بڑھانے کے لیے 14 مئی 2025ء کو طے پانے والی باہمی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو مزید موثر بنانے کے لیے ضمنی معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ترجمان نیب کے مطابق ضمنی معاہدے پر سیکرٹری سی سی پی مریم پرویز اور ڈائریکٹر جنرل (ایس آئی ڈی) نیب محمد طاہر نے نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں دستخط کیے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، چیئرمین سی سی پی فرید احمد تارڑ اور دونوں اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ضمنی معاہدے کے تحت پی اے سی اے کے پلیٹ فارم سے جامع استعداد کار میں اضافے، خصوصی تربیت اور تکنیکی تعاون کے اقدامات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیان ادارہ جاتی اشتراک کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر مارکیٹ میں عدم تعاون، ملی بھگت پر مبنی خریداری اور مسابقت مخالف کارٹلز کے خلاف کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے قائم کی گئی شراکت داری کو وسعت دیتے ہوئے مسابقتی قانون اور انسداد بدعنوانی کے حوالے سے مشترکہ ورکشاپس، ماہرین اور تفتیش کاروں کے تبادلے اور بولی میں دھاندلی و مارکیٹ میں ہیرا پھیری کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

دونوں ادارے تحقیقی اقدامات، پالیسی مباحثوں اور مشترکہ تربیتی ماڈیولز و کیس سٹڈیز کی تیاری میں بھی تعاون کریں گے۔پریس ریلیز کے مطابق اصل مفاہمت کی یادداشت کی دیگر تمام شرائط بدستور برقرار رہیں گی۔