چیلسی کے چیئرمین ٹوڈ بوہلی اور ڈائریکٹر مارک والٹر نے انگلش فٹ بال کلب چیلسی میں اپنے تمام شیئرز اکثریتی مالک کلیئر لیک کیپٹل کو فروخت کر دیے ہیں۔
ٹوڈ بوہلی اور مارک والٹر نے چیلسی کے شیئرز کلیئر لیک کیپٹل کو فروخت کر دیے، کلیئر لیک کا کلب پر مکمل کنٹرول قائم

مزید خبریں
لندن۔17ستمبر (اے پی پی):چیلسی کے چیئرمین ٹوڈ بوہلی اور ڈائریکٹر مارک والٹر نے انگلش فٹ بال کلب چیلسی میں اپنے تمام شیئرز اکثریتی مالک کلیئر لیک کیپٹل کو فروخت کر دیے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق سوئس ارب پتی ہانس جارج وائس نے بھی اپنے شیئرز فروخت کر دیے ہیں، جس کے بعد بہداد اقبالی اور خوسے ای فلیسیانو کی قیادت میں کلیئر لیک کیپٹل نے کلب کا 100 فیصد مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس سے قبل ٹوڈ بوہلی، مارک والٹر اور وائس کے پاس کلب کے 12.8 فیصد شیئرز تھے جبکہ کلیئر لیک کیپٹل کے پاس 61.5 فیصد حصص موجود تھے۔ اس معاملے کے بعد امریکی سرمایہ کار ٹوڈ بوہلی چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیں گے، جو وہ 2022 میں رومان ابرامووچ سے 2.3 ارب پاؤنڈ میں کلب کی خریداری کے بعد سے سنبھالے ہوئے تھے۔
چیلسی کی پریمیئر لیگ میں بہترین کارکردگی 2024-25 کے سیزن میں چوتھی پوزیشن رہی۔ اسی سیزن میں کلب نے یویفا کانفرنس لیگ اور فیفا کلب ورلڈ کپ بھی جیتا۔گزشتہ 4 برس کے دوران چیلسی نے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کو سائن کیا، جبکہ کلب کی ابتدائی حکمت عملی نوجوان کھلاڑیوں کو طویل مدتی معاہدوں پر حاصل کرنے پر مرکوز رہی۔
ٹوڈ بوہلی نے چیلسی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے انتظامیہ، کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کلیئر لیک کی قیادت میں کلب مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ دوسری جانب کلیئر لیک کے سربراہان بہداد اقبالی اور خوسے ای فلیسیانو نے ٹوڈ بوہلی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ کلب کے انفراسٹرکچر، سٹیمفورڈ برج سٹیڈیم کی جدید کاری اور طویل المیعاد کھیلوں کی کارکردگی پر مرکوز ہوگی۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کلیئر لیک کے مکمل کنٹرول سنبھالنے کے باوجود کلب کے روزمرہ امور، قیادت یا حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ کلیئر لیک نے کلب کے بنیادی ڈھانچے، کھیلوں کی کارکردگی، کھلاڑیوں کی ترقی اور طویل مدتی کامیابی کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔چیلسی اس وقت سٹیمفورڈ برج کی ازسرنو تعمیر یا نئے سٹیڈیم میں منتقلی کے منصوبوں پر بھی کام کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے پر ٹوڈ بوہلی کے گروپ اور کلیئر لیک کے درمیان بعض اوقات اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔







