وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، اپنا موقف پیش کرنے کا بہترین طریقہ دلیل، تحقیق اور ٹھوس شواہد کے ساتھ اپنا مقدمہ سامنے رکھنا ہے، اختلافِ رائے ایک مثبت اور باشعور معاشرے کی علامت ہے۔ ہمیں اپنے اندر ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بسنے …
کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے،وزیراعظم آزادکشمیرافتخار گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، اپنا موقف پیش کرنے کا بہترین طریقہ دلیل، تحقیق اور ٹھوس شواہد کے ساتھ اپنا مقدمہ سامنے رکھنا ہے، اختلافِ رائے ایک مثبت اور باشعور معاشرے کی علامت ہے۔ ہمیں اپنے اندر ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بسنے والے کشمیری بھی ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی شہزاد احمد راٹھور کی کتاب’’ تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور سینئر صحافی سید خالد گردیزی ودیگر نے کتاب کی رونمائی کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس کتاب میں مصنف شہزاد راٹھور نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف لوگوں کے نظریات کو یکجا کرکے 1947 سے اب تک کے حالات اور واقعات کو کتاب میں موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے کتاب کے مصنف شہزاد راٹھور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کتاب میں اپنا موقف پیش کر کے اس پر قائم رہنے کی کوشش کی ہے، جو اپنا مقدمہ رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی جنگیں اور معرکے جذبات، حوصلے اور جنون سے جیتے گئے ہیں۔
معرکۂ حق میں اللہ رب العزت کی مدد کے ساتھ جذبات، حوصلے اور جنون نے فتح دلائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کشمیریوں میں آزادی کے لیے جذبہ اور جنون موجود ہے جس نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ ایل او سی کے دوسری جانب کے لوگ ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔ قبل ازیں نیشنل پریس آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب سے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، سابق سیکرٹری اکرم سہیل،سابق اٹارنی جنرل راجہ نیاز راٹھور، عامر محبوب، شکیل راٹھور، یوسف نسیم، عابد عباسی، صاحبزادہ ذوالفقار علی، چوہدری جاوید، خالد گردیزی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔







