ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال کی ہدایت پر بانڈہ سید خان میں ڈینگی کے ممکنہ کیسز کی اطلاعات کے بعد ریپڈ رسپانس، سکریننگ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
بانڈہ سید خان میں ڈینگی کے ممکنہ کیسز کی اطلاعات کے بعد ریپڈ رسپانس، سکریننگ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال کی ہدایت پر بانڈہ سید خان میں ڈینگی کے ممکنہ کیسز کی اطلاعات کے بعد ریپڈ رسپانس، سکریننگ اور آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منہاج بن مصباح کی سربراہی میں ٹیم نے علاقہ میں ڈینگی سکریننگ، طبی معائنہ اور مچھر کی افزائش سے متعلق ویکٹر سرویلنس کی۔ کارروائی میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینٹومولوجسٹ و ڈینگی فوکل پرسن عافیہ زیب خان، ڈیزیز سرویلنس آفیسر ڈاکٹر عاطف سعود، اے ایم ایس محمد جاوید سمیت محکمہ صحت کے دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ٹیم کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ سید خان میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے خصوصی آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا جہاں طلبہ کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے ساتھ مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ سکول میں اس سے قبل ایک طالب علم کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا تھا جو اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکا ہے۔ ریپڈ رسپانس سرگرمیوں کے دوران 250 سے زائد افراد کا طبی معائنہ اور ڈینگی سکریننگ کی گئی تاہم کسی فرد میں ڈینگی کا مثبت کیس سامنے نہیں آیا۔ محکمہ صحت کے مطابق علاقہ میں ڈینگی کی وبائی صورتحال بھی ریکارڈ نہیں ہوئی جبکہ زیادہ تر افراد معمولی بخار، فلو اور اس سے ملتی جلتی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت علاقہ میں اینٹی ڈینگی فوگنگ بھی کی گئی جبکہ کیمپ میں آنے والے مریضوں کو طبی مشورے کے ساتھ مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے مقامی آبادی اور طلبہ کو ڈینگی سے بچاؤ، مچھروں کی افزائش گاہوں کے خاتمہ، گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دینے اور دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے بھی آگاہی فراہم کی۔








