کوہاٹ، مسجد پر دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی دراندازی، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک

پرانا پولیس لائنز کوہاٹ کی مسجد پر دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی دراندازی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے

پشاور۔ 19 ستمبر (اے پی پی):پرانا پولیس لائنز کوہاٹ کی مسجد پر دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی دراندازی پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیمز اور سکیورٹی فورسز نے عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کروا لیا ہے۔ انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم ناکام رہا۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کو لیڈ کیا۔ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر کے آپریشن کے بعد کامیابی حاصل کی۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران کو شاباش دی اور ان کےلیے انعامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا، جانباز جوان قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں، ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

مزید خبریں