راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم (کل)پیر سے شروع ہو گی

ضلع راولپنڈی میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کل 21 ستمبر بروز پیر سے شروع ہو گی جس کے دوران 8 ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر، ٹرانزٹ پوائنٹس اور فکسڈ مراکز پر خدمات انجام دیں گی۔

راولپنڈی۔20ستمبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کل 21 ستمبر بروز پیر سے شروع ہو گی جس کے دوران 8 ہزار سے زائد ٹیمیں گھر گھر، ٹرانزٹ پوائنٹس اور فکسڈ مراکز پر خدمات انجام دیں گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے گھر گھر ویکسی نیشن کے علاوہ ٹرانزٹ پوائنٹس اور ہسپتالوں میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران زیادہ خطرے اور زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ سفر یا عارضی نقل مکانی کے باعث گھروں پر موجود نہ ہونے والے بچوں تک بھی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ آبادی کی نقل و حرکت پولیو پروگرام کے لیے ایک اہم چیلنج ہے، اس لیے ٹرانزٹ ویکسی نیشن مہم کا اہم حصہ ہے تاکہ سفر کرنے والا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ فیلڈ سپروژن، مؤثر نگرانی اور رہ جانے والے بچوں کی فوری فالو اپ کوریج پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ویکسی نیشن کے ساتھ مؤثر نگرانی، درست مائیکرو پلاننگ اور ہر بچے تک مسلسل رسائی ضروری ہے۔ والدین، صحت کارکنان، ضلعی انتظامیہ، مذہبی و سماجی رہنماؤں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے پولیو کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔