نیپال میں دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو پر برفانی تودہ گرنے سے بھارتی نژاد جرمن کوہ پیما اور نیپالی شرپا گائیڈ ہلاک ہوگئے
نیپال، ماؤنٹ مناسلو پر برفانی تودہ گرنے سے 2 کوہ پیما ہلاک

مزید خبریں
کھٹمنڈو۔21ستمبر (اے پی پی):نیپال میں دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو پر برفانی تودہ گرنے سے بھارتی نژاد جرمن کوہ پیما اور نیپالی شرپا گائیڈ ہلاک ہوگئے۔شنہوا کے مطابق مہم کے منتظم موہن لامسال کے مطابق دونوں کوہ پیما تقریباً 6,300 میٹر کی بلندی پر کیمپ 3 میں موجود تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آگئے۔انہوں نے بتایا کہ 7 کوہ پیماؤں اور 7 شرپا گائیڈز سمیت 14 افراد کا گروپ ماؤنٹ مناسلو سر کرنے کے لیے بیس کیمپ سے روانہ ہوا تھا۔ 8,163 میٹر بلند ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ہے۔ہفتے کے روز گروپ کے 12 ارکان کیمپ 2 پر رک گئے جبکہ دونوں کوہ پیما کیمپ 3 پہنچے، جہاں انہوں نے رات گزاری۔ بعدازاں برفانی تودے نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دیگر 12 افراد بحفاظت بیس کیمپ واپس پہنچ گئے۔نیپال نے رواں سال موسم خزاں کی کوہ پیمائی کے سیزن میں ماؤنٹ مناسلو سر کرنے کے خواہشمند کوہ پیماؤں کے لیے 493 اجازت نامے جاری کیے ہیں۔








