مصری صدر اور سی آئی اے سربراہ کی علاقائی صورتحال پر بات چیت

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور دورہ کرنے والے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے ایران، غزہ اور سوڈان سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

قاہرہ ۔21ستمبر (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور دورہ کرنے والے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے ایران، غزہ اور سوڈان سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔شنہوا کے مطابق مصری ایوان صدر کے بیان کے مطابق ملاقات میں صدر السیسی نے ایرانی بحران کے حل کے لیے جامع معاہدے کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خطے میں سلامتی و استحکام کی بحالی اور بین الاقوامی بحری آمدورفت کی آزادی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔غزہ کے حوالے سے مصری صدر نے جنگ بندی کے استحکام کے لیے امریکا کی تجویز کردہ منصوبے کے دوسرے مرحلے پر مکمل عملدرآمد، شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر زور دیا۔انہوں نے فلسطینی مسئلے کے منصفانہ اور جامع حل کی جانب سیاسی عمل کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس کی بنیاد بین الاقوامی قراردادوں اور دو ریاستی حل پر ہو۔سوڈان کے معاملے پر السیسی نے ملک کی وحدت، استحکام اور قومی اداروں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے خودمختاری، قومی یکجہتی اور علاقائی سالمیت کو ناقابلِ سمجھوتہ اصول قرار دیا۔ملاقات میں صومالیہ اور ہارن آف افریقہ کی صورتحال پر بھی بات ہوئی۔ سی آئی اے کے سربراہ نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے حصول میں مصر کے اہم کردار اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی جاری کوششوں کو سراہا۔دونوں جانب سے علاقائی سلامتی، سوڈان، صومالیہ، ہارن آف افریقہ اور بین الاقوامی بحری سلامتی کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سلامتی، انٹیلی جنس، انسداد دہشت گردی اور منظم و بین الاقوامی جرائم کے خلاف کارروائیوں میں سی آئی اے اور مصر کی جنرل انٹیلی جنس سروس کے درمیان تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔