سوڈان میں کان بیٹھنے سے 10 افراد ہلاک، 21 زخمی

سوڈان کی مشرقی ریاست بحیرہ احمر کے علاقے اونی میں کان کے پانچ حصے بیٹھنے سے کم از کم 10 کانکن ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے

خرطوم ۔21ستمبر (اے پی پی):سوڈان کی مشرقی ریاست بحیرہ احمر کے علاقے اونی میں کان کے پانچ حصے بیٹھنے سے کم از کم 10 کانکن ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔شنہوا نے رضاکار امدادی تنظیم ’’دار احمر ایمرجنسی روم ‘‘کے حوالے سے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے 10 لاشیں اور 21 زخمی کانکن نکال لیے ہیں جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی حتمی ہلاکتوں اور لاپتا افراد کی تعداد کا تعین تاحال نہیں ہوسکا۔ زخمیوں میں سے بعض کو تقریباً 300 کلومیٹر دور پورٹ سوڈان منتقل کیا گیا ۔سوڈان میں کان کنی لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے اور ملک کی تقریباً 80 فیصد سونے کی پیداوار اسی شعبے سے ہوتی ہے۔