بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ جوتی نے ایشین گیمز کے بعد ٹی 20 فارمیٹ کی قیادت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے
نگار سلطانہ جوتی کا بنگلہ دیشی ویمنز ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان

مزید خبریں
ڈھاکہ۔21ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ جوتی نے ایشین گیمز کے بعد ٹی 20 فارمیٹ کی قیادت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا میں ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف 114 رنز سے شکست کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ نگارسلطانہ جوتی نے کہا کہ وہ بطور بیٹر اور وکٹ کیپر اپنی انفرادی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔ 2022 میں ٹی 20 ٹیم کی باگ ڈور سنبھالنے والی نگار سلطانہ جوتی کی قیادت میں بنگلہ دیش نے 81 میچز کھیلے جن میں سے 32 میں فتح حاصل کی جبکہ 48 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نگارسلطانہ جوتی کے دور میں بنگلہ دیش نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دے کر عالمی ٹی20 کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں نگارسلطانہ جوتی نے پاکستان کے خلاف 36، جنوبی افریقاکے خلاف ناقابل شکست 32، آسٹریلیا کے خلاف 27 اور بھارت کے خلاف 32 رنز بنائے۔ تاہم 2026 کے ایشیا کپ میں ان کی کارکردگی محدود رہی اور انہوں نے 4 میچز میں مجموعی طور پر 56 رنز بنائے۔ نگار سلطانہ جوتی ٹی20 فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے باوجود بنگلہ دیش کی ایک روزہ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی، جبکہ وہ بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ پر بھی مزید توجہ مرکوز کریں گی۔








