سندس فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے، ڈی جی پیمرا

سندس فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے، ڈی جی پیمرا

فیصل آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پیمرا عائشہ منظور وٹو نے سندس فاؤنڈیشن فیصل آباد کا دورہ کیا اور ادارے کی جانب سے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن بلڈ ڈونیشن، بلڈ کلیکشن، بلڈ اسکریننگ اور تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا کے مریضوں کے علاج کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے جو ایک صدقہ جاریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنے والے افراد اللہ کے بھیجے ہوئے فرشتے ہیں، جن کے تعاون کے بغیر تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے بچوں کی جان بچانا ممکن نہیں۔ سندس فاؤنڈیشن نے بڑے شہروں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی ہیں جبکہ پاکستان کے دوسرے چھوٹے شہروں میں بھی اپنا نیٹ ورک بڑھا رہی ہے جو قابل ستائش اور مریضوں کے لئے ایک بہت بڑی خدمت اور امید کی کرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں اگرچہ ابھی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی کمی ہے تاہم بلڈ اسکریننگ سندس فاؤنڈیشن کا انتہائی اہم کام ہے جو یہاں بہترین انداز میں انجام دیا جا رہا ہےکیونکہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو اگر محفوظ اور درست طریقے سے اسکرین کیا ہوا خون نہ لگایا جائے تو ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ کارِ خیر انجام دینے والے افراد اور اداروں کی خدمات کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا ہر سطح پر سندس فاؤنڈیشن کی مدد کرے گا، اسے مزید شناخت دلانے کے لیے تعاون کیا جائے گا اور اس کی خدمات کو پرائم ٹائم میں بھی اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ سندس فاؤنڈیشن کی بھرپور مدد کریں تاکہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا جیسے خطر ناک امراض کے مریضوں کی بہتر نگہداشت اور علاج ممکن بنایا جا سکے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رہے۔

پٹرولیم کی قیمتوں کے حوالے سے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں عائشہ منظور وٹو نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو رہے ہیں اور پاکستان بھی ان اثرات سے متاثر ہو رہا ہے تاہم قوی امکان ہے کہ جنگ کے خاتمے کے ساتھ چیزیں بہتر ہونا شروع ہو جائیں گی۔

قبل ازیں سندس فاؤنڈیشن فیصل آباد کے ایڈمنسٹریٹر شہزاد قیصر نے ڈائریکٹر جنرل پیمرا عائشہ منظور وٹو کا سندس فاؤنڈیشن فیصل آباد آمد پر خیرمقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن گزشتہ 30 سال سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور پاکستان کے بڑے شہروں میں جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن میں تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے تقریباً 12 ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں اور ان مریضوں کے لیے خون کا انتظام ہر وقت یقینی بنانے کی کوشش جاری رہتی ہے۔

مزید خبریں