جاپان کے شہر آئیچی ناگویا میں جاری 20 ویں ایشین گیمز میں پاکستان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا جبکہ مردوں کے کبڈی مقابلے میں پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف یکطرفہ فتح حاصل کر کے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے

خرم شہزاد

آئیچی ناگویا۔21ستمبر (اے پی پی):جاپان کے شہر آئیچی ناگویا میں جاری 20 ویں ایشین گیمز میں پاکستان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا جبکہ مردوں کے کبڈی مقابلے میں پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف یکطرفہ فتح حاصل کر کے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے تاہم دیگر کھیلوں میں قومی دستے کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کی جانب سے 21 ستمبر کے مقابلوں کے جاری کردہ نتائج کے مطابق مکسڈ مارشل آرٹس کی 60 کلوگرام موڈرن ایم کیٹیگری کے سیمی فائنل میں عاصم خان کو تاجکستان کے مرزوبیک عمروف کے ہاتھوں 3-0 سے شکست ہوئی جس کے نتیجے میں وہ پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب مردوں کے کبڈی مقابلے کے پریلیمنری رائونڈ میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 22 کے مقابلے میں 65 پوائنٹس سے بآسانی زیر کر لیا۔سوئمنگ کے مقابلوں میں مردوں کے 50 میٹر فری سٹائل میں قومی تیراک حمزہ آصف نے ہیٹ 1 میں 24.04 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ دوسری پوزیشن تو حاصل کی لیکن وہ مجموعی طور پر 48 تیراکوں کی فہرست میں 30 ویں نمبر پر رہے۔ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں پاکستان کو بھارت اور جنوبی کوریا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف مینز اور ویمنز ٹیم رائونڈز کے دونوں مقابلوں میں پاکستان کو 3-0 کے سکور سے یکطرفہ ناکامی ہوئی جبکہ ویمنز ڈبلز میں جنوبی کوریا نے بھی پاکستانی جوڑی کو 3-0 سے ہرایا۔

اس کے علاوہ سافٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز گروپ مرحلے میں قومی کھلاڑیوں کو جنوبی کوریا، فلپائن، انڈونیشیا اور چائنیز تائپے کے خلاف تمام میچز میں 5-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹرائیتھلون ریلے مقابلے میں پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں ریس مکمل نہ کر سکی اور مقابلے سے باہر ہو گئی۔