بلوچستان بھر کی طرح ضلع چمن میں بھی 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اپنے دفتر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا
چمن میں سات روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان بھر کی طرح ضلع چمن میں بھی 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے اپنے دفتر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سماجی رہنما محمد علی اچکزئی اور ضلعی پولیو افسر محمد اشرف اچکزئی بھی موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کے دوران ضلع چمن میں 83 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پولیو ٹیمیں ضلع بھر میں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔
مہم کے دوران چمن شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم چیک پوسٹوں پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات رہیں گی، جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سفر کرنے والے اور پیدل چلنے والے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیو ٹیموں، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کے مشترکہ تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔








