ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال، گرین بیلٹس، پارکس کی صفائی اور گھاس کی کٹائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کا شہر کی صفائی ستھرائی کی صورتحال، گرین بیلٹس، پارکس کی صفائی کے انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال، گرین بیلٹس، پارکس کی صفائی اور گھاس کی کٹائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو شہر کی خوبصورتی، صفائی اور گرین بیلٹس کی بحالی کے لئے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو،ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے اور ستھرا پنجاب کو خصوصی ذمہ داری سونپتے ہوئے 100،افراد پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دے دی جو روزانہ کی بنیاد پر شہر کے ایک علاقے کو مکمل طور پر کلین کرے گی۔ ٹاسک فورس کے ذریعے منتخب علاقوں میں صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی، گھاس کی کٹائی، جھاڑیوں کی صفائی اور پارکس کی صفائی کے کام کو مربوط انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر کے عدم توجہی کا شکار علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے اور ایسے علاقوں میں صفائی کے ساتھ گرین بیلٹس اور پارکس کی حالت بھی بہتر بنائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کا عمل صرف ایک مرتبہ صفائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ متعلقہ محکمے مستقل بنیادوں پر صفائی اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صاف ستھرا ماحول شہریوں کا بنیادی حق ہے، اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ گرین بیلٹس اور پارکس شہر کے حسن کا اہم حصہ ہیں اس لئے ان کی صفائی، دیکھ بھال اور بحالی میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس روزانہ ایک علاقے کو مکمل طور پر کلین کرنے کے بعد اگلے علاقے میں کارروائی کرے تاکہ مرحلہ وار شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے گرین بیلٹس میں موجود زائد گھاس، جھاڑیوں اور دیگر غیر ضروری مواد کی فوری صفائی جبکہ پارکس میں صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی اور پارکس کی بہتری ایک مربوط شہری انتظام کا حصہ ہے اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی نگرانی کرنے اور مقررہ ٹاسک کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معیار میں بہتری، گرین بیلٹس کی بحالی اور پارکس کو بہتر حالت میں برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ محکمے فیلڈ آپریشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کو یقینی بنائیں۔








