محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح، ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ،پنجاب فوڈ اتھارٹی
محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح، ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ،پنجاب فوڈ اتھارٹی

مزید خبریں
راولپنڈی۔21ستمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) کے ڈائریکٹر فوڈز نارتھ چوہدری اعجاز احمد نے کہا ہے کہ صارفین کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی، ملاوٹ کی روک تھام اور فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیار پر عملدرآمد یقینی بنانا اتھارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارتھ ریجن میں فوڈ سیفٹی قوانین پر موثر عملدرآمد کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ اور معائنہ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، پی ایف اے کی ٹیمیں ریسٹورنٹس، بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، دودھ فروش مراکز اور دیگر فوڈ بزنسز کے معائنے کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد صرف قانونی کارروائی کرنا نہیں بلکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کی رہنمائی اور انہیں مقررہ صفائی ستھرائی اور فوڈ سیفٹی کے معیار پر عمل کرنے میں معاونت فراہم کرنا بھی ہے۔
چوہدری اعجاز احمد نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری دودھ سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی جانچ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر قانون کے مطابق ملاوٹ کے ذرائع اور متعلقہ سپلائی چین کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو لائسنس کے حصول اور تجدید کے حوالے سے مناسب رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی کاروباری کیٹیگری کے مطابق لائسنس حاصل یا تجدید کروا سکیں اور متعلقہ فوڈ سیفٹی معیارات کی پابندی یقینی بنائیں۔ڈائریکٹر فوڈز نارتھ نے کہا کہ تاجروں اور فوڈ بزنس آپریٹرز میں آگاہی اور رہنمائی کا سلسلہ بھی مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ وہ مطلوبہ معیار پورا کر سکیں اور خلاف ورزیوں سے بچ سکیں، صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات اور فوڈ سیفٹی اصولوں پر عمل کرنے والے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ خوراک کے تحفظ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا اور محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے ذریعے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔چوہدری اعجاز احمد نے کہا کہ جہاں معمولی نوعیت کی خامیاں سامنے آئیں گی وہاں قانون کی اجازت کے مطابق متعلقہ کاروبار کو خامیاں دور کرنے کا موقع دیا جائے گا تاہم سنگین یا بار بار ہونے والی خلاف ورزیوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
انہوں نے فوڈ اتھارٹی اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور فوڈ بزنس آپریٹرز سے توقع ہے کہ وہ مقررہ ایس او پیز پر عمل کریں گے اور خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنے والے کاروباروں کو ضروری رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے نارتھ ریجن میں مانیٹرنگ، آگاہی اور فیلڈ آپریشنز کو مزید منظم کیا جا رہا ہے۔








