20ویں ایشین گیمز میں عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا
20ویں ایشین گیمز میں عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

مزید خبریں
لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):آئیچی ناگویا (جاپان) میں جاری 20ویں ایشین گیمز میں عاصم خان نے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ کبڈی ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف شاندار کامیابی اپنے نام کی۔مکسڈ مارشل آرٹس کے ماڈرن ایم -60 کلوگرام سیمی فائنل میں پاکستان کے عاصم خان کو تاجکستان کے مرزوبیک عمروف کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے باعث عاصم خان نے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ یقینی بنایا۔مردوں کے کبڈی پریلیمنری رائونڈ میں پاکستان نے ملائیشیا کو یکطرفہ مقابلے میں 65-22 سے شکست دے دی۔
پاکستانی ٹیم نے کھیل کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف پر واضح برتری برقرار رکھی۔تیراکی کے مردوں کے 50 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں پاکستان کے حمزہ آصف نے ہیٹ ون میں 24.04 سیکنڈ کا وقت نکالتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم تمام 48 پیراکوں میں ان کی مجموعی پوزیشن 30ویں رہی۔ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں پاکستان کی خواتین ٹیم کو گروپ رائونڈ میں بھارت کے ہاتھوں 0-3 سے شکست ہوئی، جبکہ مردوں کی ٹیم بھی بھارت کے خلاف 0-3 سے کامیاب نہ ہو سکی۔ خواتین کے ڈبلز مقابلے میں پاکستان کو جنوبی کوریا کے خلاف 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سافٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز گروپ رائونڈ میں بھی پاکستانی جوڑیوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پاکستان کو جنوبی کوریا، فلپائن، انڈونیشیا اور چائنیز تائیپے کے خلاف بالترتیب 0-5 کے یکساں اسکور سے شکست ہوئی۔ٹرائیتھلون کے ریلے مقابلے میں پاکستانی ٹیم ریس مکمل نہ کر سکی اور ڈی این ایف (Did Not Finish) قرار پائی۔








