سیرت مصطفیٰ ﷺ امن ،محبت اور اخوت کا عظیم پیغام ہے، مقررین

عالمی یومِ امن اور جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور شعبہ سوشیالوجی، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام ’’سیرت مصطفیٰ ﷺ امن، محبت اور اخوت کا پیغام‘‘ کے عنوان سے خصوصی سیمینار اور یوتھ پیس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

ملتان ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):عالمی یومِ امن اور جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور شعبہ سوشیالوجی، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام ’’سیرت مصطفیٰ ﷺ امن، محبت اور اخوت کا پیغام‘‘ کے عنوان سے خصوصی سیمینار اور یوتھ پیس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار ہال شعبہ سوشیالوجی میں منعقدہ تقریب کی صدارت چیئرمین شعبہ سوشیالوجی پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق نے کی۔ تقریب سے ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاءالرحمٰن خان، صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، ڈاکٹر مرید حسین ملک، پروفیسر ڈاکٹر عذرا فضل، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، چوہدری ابرار حسین، پروفیسر عبد الماجد وٹو اور پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت مبارکہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، عدل، رحم اور اخوت کا عظیم پیغام ہے۔

نوجوان سیرت طیبہ ﷺ کے اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر معاشرے میں برداشت، رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ عالمی یوم امن کا بنیادی پیغام بھی اختلافات کو مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کرنا ہے۔ تقریب میں طلبہ و طالبات کے درمیان قرآت قرآن پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور تقریری مقابلے بھی ہوئے۔ قرآت میں محمد اویس اول، محمد وقار دوم اور ارسلان سوم، نعت میں شاہ میر اول، سائرہ دوم اور سانول سوم جبکہ تقریری مقابلے میں نمرہ اول، لائبہ دوم اور اریبہ سوم قرار پائے۔ نمایاں کارکردگی پر طلبہ میں ٹرافیاں، شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ امن اور سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو ’’پیس ایمبیسیڈر ایوارڈ 2026 ‘‘سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی و عالمی امن، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مزید خبریں