پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی تھری کا 75واں اجلاس، مختلف اداروں کے آڈٹ پیراز کا جائزہ

پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی تھری (پی اے سی تھری) کا 75 واں اجلاس چیئرمین احمد اقبال چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا

لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی تھری (پی اے سی تھری) کا 75 واں اجلاس چیئرمین احمد اقبال چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سمیت مختلف اداروں کے آڈٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے8 آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا جبکہ لاہور،گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژنز کی ویسٹ مینجمنٹ اور کیٹل مینجمنٹ کمپنیوں سے متعلق97 آڈٹ پیراز بھی زیر غور آئے۔

اجلاس میں غیر معمولی تقرریوں سے متعلق آڈٹ اعتراضات پر بھی بحث کی گئی۔چیئرمین پی اے سی تھری احمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ضرورت سے زیادہ تعلیمی قابلیت رکھنے والے افراد کی تقرری کو محض اس بنیاد پر منفی نہیں سمجھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ماہر اور تجربہ کار افراد کی صلاحیتوں کو ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے موثر طور پر بروئے کار لایا جانا چاہیے۔اجلاس میں مقامی حکومتوں کیلئے 402.290 ملین روپے کی استعداد کار اور تکنیکی معاونت سے متعلق آڈٹ پیراز پر مزید غور موخر کردیا گیا۔

کمیٹی نے مقامی حکومتوں کی تربیت کے نظام میں متعارف کرائی گئی تبدیلیوں پر محکمہ سے تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ بریفنگ میں تربیتی اقدامات کے نتیجے میں مقامی حکومتوں کی استعداد کار میں ہونے والی بہتری کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔چیف افسران کی جانب سے اصلاحات پر عملدرآمد کی عملی مثالیں بھی بریفنگ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی گئی۔پی اے سی تھری نے لاہور،گوجرانوالہ اور سرگودھا کی کیٹل و ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے متعلق آڈٹ پیراز پر مزید غور بھی آئندہ اجلاس تک موخر کردیا۔