کمشنر عامر کریم خاں سے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی منتخب باڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملتان کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولیات میں بہتری اور انتظامیہ و بزنس کمیونٹی کے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا
کمشنرملتان سے چیمبر آف کامرس کی نئی منتخب باڈی کی ملاقات، شہرکی ترقی میں نجی شعبے کے تعاون کو مزید وسعت دینے پراتفاق

مزید خبریں
ملتان۔ 22 ستمبر (اے پی پی):کمشنر عامر کریم خاں سے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی منتخب باڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملتان کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولیات میں بہتری اور انتظامیہ و بزنس کمیونٹی کے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنرنے کہا کہ ملتان کی ترقی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی، مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سمیت تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتظامیہ اور نجی شعبے کے اشتراک سے ایسے منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں جن کا براہِ راست فائدہ شہریوں کو پہنچے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں مخیر حضرات کے تعاون سے عوامی فلاح کے متعدد اقدامات آگے بڑھائے گئے ہیں۔ من و سلویٰ کے ذریعے مستحق افراد کو باعزت مفت کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ہیرنگ ایڈز کے ذریعے سماعت سے محروم بچوں کو الات لگائے گئے ہیں جبکہ مخیر حضرات کے تعاون سے شہر کے اہم چوکوں کو خوبصورت بنایا گیا ہے اب مخیر حضرات کے تعاون سے اس منصوبوں کو وسعت بھی دی گئی ہے۔
کمشنر نے کہا کہ شہری خوبصورتی، گرین بیلٹس، پارکس، چوکوں کی تزئین، صاف پانی، صحت، تعلیم اور خصوصی افراد کی سہولیات سمیت مختلف شعبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے کاروباری ادارے اپنے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کےتحت قابلِ عمل منصوبوں کو اختیار کرکے شہر کی بہتری میں مستقل کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخی ملتان کی بحالی بھی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی مقامات، لائبریری، فوڈ سٹریٹ، کرافٹ بازاراور دیگر شہری و ثقافتی سہولیات کی بحالی پر کام جاری ہے،جس سے ملتان کے تاریخی تشخص کے ساتھ شہریوں اور سیاحوں کے لیے نئی سہولیات پیدا ہوں گی۔کمشنر عامر کریم خاں نے چیمبر کی نئی باڈی پر زور دیا کہ وہ ملتان کی کاروباری برادری کی تجاویز کو منظم انداز میں سامنے لائے اور شہر کے بڑے مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے ساتھ عملی شراکت داری کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔چیمبر کے نمائندگان نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کو یقین دلایا کہ ملتان کی معاشی و سماجی ترقی، شہری بہتری اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں کاروباری برادری اپنا کردار مزید فعال انداز میں ادا کرے گی۔







