یوروپین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2028 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان

پولینڈ کے علاقے سلیسیا میں 2028 میں ہونے والی یوروپین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لئے تقریباً 3 ملین پاؤنڈ کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پیش کی جانے والی اس نئِی حکمت عملی کے تحت تمام 50 ایونٹس میں پہلے سے آٹھویں نمبر پر آنے والے ایتھلیٹس کو مالی انعامات دیے جائیں گے۔

وارسا۔23ستمبر (اے پی پی):پولینڈ کے علاقے سلیسیا میں 2028 میں ہونے والی یوروپین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لئے تقریباً 3 ملین پاؤنڈ کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پیش کی جانے والی اس نئِی حکمت عملی کے تحت تمام 50 ایونٹس میں پہلے سے آٹھویں نمبر پر آنے والے ایتھلیٹس کو مالی انعامات دیے جائیں گے۔نئے انعام کے ڈھانچے کے مطابق گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 30,000 یورو (تقریباً 25,720 پاؤنڈ)، چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو 15,000 یورو (تقریباً 12,860 پاؤنڈ) اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے کو 10,000 یورو (تقریباً 8,573 پاؤنڈ) ملیں گے۔

اس کے علاوہ چوتھے سے آٹھویں نمبر پر آنے والے ایتھلیٹس کو بالترتیب 5,000، 4,000، 3,000، 2,000 اور 1,000 یورو کے انعامات دیے جائیں گے۔یوروپین ایتھلیٹکس نے انعامی رقم کی تقسیم کے طریقہ کار کی ازسرنو تشکیل کی ہے تاکہ ہر ڈسپلن میں ٹاپ 8 پوزیشنز حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کی مالی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

رواں سال اگست میں برمنگھم میں ہونے والی گزشتہ چیمپئن شپ میں ہر میڈل کے لیے الگ رقم مقرر نہیں تھی، بلکہ ورلڈ ایتھلیٹکس کے سکورنگ ٹیبل کے تحت منتخب 10 کیٹیگریز کے ٹاپ 10 مظاہروں میں مجموعی طور پر 500,000 یورو تقسیم کیے گئے تھے۔یوروپین ایتھلیٹکس کے چیف ایگزیکٹو کرسٹین ملز نے اس فیصلے کو ایتھلیٹس کی خدمات کا اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریکارڈ انعامی رقم کھلاڑیوں کی محنت کا صلہ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ سلیسیا میں یہ چیمپئن شپ جون 2028 کے آغاز میں منعقد ہوگی، جو لاس اینجلس اولمپکس کے باقاعدہ آغاز سے تقریباً 6 ہفتے قبل کھلی جائے گی۔