حکومت خطہ میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کام کررہی ہے،وزیراعظم آزادکشمیر

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے جو ریاستی آمدن میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں، حکومت آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

مظفر آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے جو ریاستی آمدن میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں، حکومت آزادکشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر احمد رضا قادری ،سیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل قریشی، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید و دیگر نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو آسان کاروبار منصوبے اور سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آسان کاروبار کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سپیشل اکنامک زون کے قیام سے مقامی وسائل کو معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنے، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔