پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی میں ’’سلسلہ چشتیہ، روحانی اقدار اور ثقافتی تشکیل‘‘ کے موضوع پر سیمینار اور محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین دربار موہڑہ شریف پیر محمد مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ
پنجاب کونسل آف دی آرٹس میں ’’سلسلہ چشتیہ، روحانی اقدار اور ثقافتی تشکیل‘‘ کے موضوع پر سیمینار

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی میں ’’سلسلہ چشتیہ، روحانی اقدار اور ثقافتی تشکیل‘‘ کے موضوع پر سیمینار اور محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین دربار موہڑہ شریف پیر محمد مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ نے کی جبکہ آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف محمد سعد الرحمٰن نقشبندی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کے مقرر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر تھے۔ مقررین نے روحانیت، صوفیانہ روایات اور خطے کی ثقافتی تشکیل میں روحانی اقدار کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ صدرِ محفل پیر محمد مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوفیاء کرام نے محبت، امن، رواداری اور انسان دوستی کے ذریعے معاشرے کی فکری اور اخلاقی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوفیانہ تعلیمات آج بھی معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔ مہمانِ خصوصی محمد سعد الرحمٰن نقشبندی نے کہا کہ روحانی اقدار ہماری تہذیبی شناخت اور ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنے روحانی اور صوفیانہ ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقرر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے ’’روحانی اقدار اور ثقافتی تشکیل‘‘ کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے سماع کی تاریخی و روحانی اہمیت اور برصغیر میں صوفیانہ روایات کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات نے خطے کی تہذیب و ثقافت کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا اور محبت، رواداری، امن اور انسان دوستی جیسے اصولوں کو فروغ دیا۔ انہوں نے سماع کو صوفیانہ روایت کے ایک اہم ثقافتی اور روحانی اظہار کے طور پر بھی بیان کیا۔
سیمینار کے بعد پروگرام کی دوسری نشست میں محفلِ سماع کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف قوال اسد عباس اور ان کے ہمنواؤں نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔








